سیکرٹری مواصلات بلوچستان کا ہائی کورٹ کی عمارت کی توسیع منصوبے کا دورہ ،تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ

31

سیکرٹری مواصلات و تعمیرات بلوچستان بابر خان نے بلوچستان ہائی کورٹ کی عمارت کے توسیعی منصوبے کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا ۔اس موقع پر چیف انجینئر کوئٹہ زون عبدالرحیم بنگلزئی ،چیف آرکیٹیکٹ ڈاکٹر سہراب مری، ایگزیکٹو انجینئر بلڈنگ کچلاک ڈویژن عمر منیر سمیت متعلقہ محکموں کے اعلی افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

دورے کے دوران سیکریٹری مواصلات و تعمیرات کو منصوبے کی مجموعی پیش رفت تعمیراتی مراحل تکنیکی امور، آرکیٹیکچرل ڈیزائن درپیش چیلنجز اور منصوبے کی تکمیل کے مجوزہ ٹائم فریم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔حکام نے منصوبے پر جاری کام استعمال ہونے والے تعمیراتی معیار اور آئندہ مراحل سے متعلق بھی آگاہ کیاسیکریٹری مواصلات و تعمیرات بابر خان نے منصوبے کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے تعمیراتی معیار کام کی رفتار اور دستیاب وسائل کا جائزہ لیا۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام کام مقررہ شیڈول کے مطابق بروقت مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہائی کورٹ کی عمارت کا توسیعی منصوبہ نہایت اہمیت کا حامل ہے جس کی تکمیل سے عدالت عالیہ میں آنے والے سائلین وکلا اور عدالتی عملے کو جدید اور بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور موثر رابطے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں۔ سیکریٹری مواصلات و تعمیرات نے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور تعمیراتی سرگرمیوں میں کسی بھی قسم کا وقفہ نہ آنے دیا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے پر چوبیس گھنٹے بنیادوں پر کام جاری رکھا جائے تاکہ مقررہ مدت کے اندر تمام اہداف حاصل کیے جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے کی تکمیل کے لیے دستیاب وقت انتہائی محدود ہے لہذا تمام انجینئرز افسران اور عملہ اپنی مکمل صلاحیتوں سے بڑھ کر کام کرے ۔ان کا کہنا تھا کہ عوامی مفاد کے اس اہم منصوبے میں کسی بھی قسم کی سستی غفلت یا کوتاہی ناقابلِ قبول ہوگی جبکہ تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ بھی نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کام کی رفتار اور معیار کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ منصوبہ بروقت اور اعلی معیار کے مطابق مکمل ہو سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں