وفاقی محتسب کے حکم پر درخواست گزار غلام مصطفیٰ کو فیئر ویل گرانٹ کی مد میں 46 ہزار روپے کا چیک فراہم کروا دیا گیا۔درخواست گزار غلام مصطفیٰ نے بتایا کہ انہوں نے فیئر ویل گرانٹ کی ادائیگی کے لیے متعلقہ محکمہ سے متعدد بار رجوع کیا، تاہم ان کی درخواست پر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
انصاف کے حصول کے لیے انہوں نے وفاقی محتسب کے ریجنل آفس، کوئٹہ میں متعلقہ محکمہ کے خلاف شکایت درج کرائی۔ شکایت موصول ہوتے ہی وفاقی محتسب کے ریجنل آفس، کوئٹہ نے فوری طور پر انکوائری کا آغاز کیا، متعلقہ محکمہ کو طلب کیا اور کیس کی سماعت شروع کی۔سماعت کے دوران متعلقہ محکمہ درخواست گزار کی رقم کی عدم ادائیگی کے حوالے سے کوئی تسلی بخش مؤقف پیش نہ کر سکا۔
جس پر وفاقی محتسب نے احکامات جاری کیے کہ درخواست گزار کو فی الفور فیئر ویل گرانٹ کی رقم ادا کی جائے۔وفاقی محتسب کے احکامات موصول ہوتے ہی متعلقہ محکمہ نے درخواست گزار کو فیئر ویل گرانٹ کی مد میں 46 ہزار روپے کا چیک جاری کر دیا۔درخواست گزار نے بروقت اور منصفانہ انصاف کی فراہمی پر وفاقی محتسب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ عام شہریوں کو بغیر کسی فیس اور وکیل کے فوری اور مؤثر انصاف فراہم کر رہا ہے۔









