بلوچستان میں امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے حکومت بلوچستان نے صوبے کے تمام اضلاع میں نائٹروجینیس فرٹیلائزرز کی نقل و حمل پر پندرہ (15) روز کے لیے پابندی عائد کر دی ہے۔
یہ فیصلہ نائٹروجینیس فرٹیلائزرز کے دھماکہ خیز مواد کی تیاری میں ممکنہ استعمال اور تخریبی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے کیا گیا ہے۔
یہ پابندی آئندہ احکامات تک نافذ العمل رہے گی۔ڈائریکٹوریٹ جنرل زراعت (توسیع) بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ ایک حکم نامے کے مطابق نائٹروجینیس فرٹیلائزرز، جن میں یوریا، کیلشیم امونیم نائٹریٹ، امونیم نائٹریٹ اور پوٹاشیم نائٹریٹ شامل ہیں، کی فروخت، خریداری، سپلائی اور تقسیم فوری طور پر بند کر دی گئی ہے۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ پابندی کی مدت مکمل ہونے کے بعد مجاز اتھارٹی کی ہدایات کے مطابق تمام متعلقہ اداروں کو آئندہ کے لائحہ عمل سے تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا اور حکومت بلوچستان اس دوران ان کھادوں کی فروخت، خریداری، سپلائی اور تقسیم کو مؤثر انداز میں منظم کرنے کے لیے ایس او پیز مرتب کرے گی۔ مزید برآں،آئندہ احکامات تک تمام موجودہ اسٹاک کا مکمل ریکارڈ اور انوینٹری برقرار رکھنا لازم ہوگا۔









