رفیع اللہ جیسے باہمت نوجوان بلوچستان کا روشن مستقبل ہیں،وزیراعلیٰ سرفرازبگٹی

25

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں دونوں ہاتھوں سے معذور ہونہار طالب علم رفیع اللہ سے خصوصی ملاقات کی۔ اس موقع پر رفیع اللہ نے اپنے ڈاکٹر بننے کے خواب سے آگاہ کیا، جس پر وزیراعلیٰ نے ان کے عزم، حوصلے اور لگن کو سراہتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ رفیع اللہ کی ہمت اور حوصلہ پوری قوم کے نوجوانوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے ثابت کیا ہے کہ جسمانی معذوری کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتی، بلکہ مضبوط ارادہ اور مسلسل محنت انسان کو اپنی منزل تک پہنچاتی ہے۔

میر سرفراز بگٹی نے رفیع اللہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ “آپ کا خواب اب حکومت بلوچستان کا عزم ہے، آپ کی تعلیم کے تمام اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔” انہوں نے مزید یقین دہانی کرائی کہ جہاں بھی بہتر علاج ممکن ہوا، حکومت بلوچستان آپ کے علاج کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی، اس لیے مایوس ہونے کی ضرورت نہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صلاحیت، عزم اور محنت رکھنے والے ہر نوجوان کی سرپرستی حکومت کی ذمہ داری ہے اور حکومت ایسے باصلاحیت نوجوانوں کو آگے بڑھنے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ رفیع اللہ جیسے باہمت نوجوان بلوچستان کا روشن مستقبل ہیں اور ان کی کامیابی ہم سب کی کامیابی ہوگی۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رفیع اللہ کی تعلیم، علاج اور بہتر مستقبل کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنے خواب کو حقیقت میں بدل سکیں اور مستقبل میں قوم و ملک کی خدمت کر سکیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں