سورینج کوئلہ کان حادثہ: 11 کان کنوں کی لاشیں نکال لی گئیں، ریسکیو آپریشن جاری

21

صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرلز میر شعیب نوشیروانی نے کہا ہے کہ سورینج میں کوئلہ کان کے افسوسناک حادثے میں اب تک 11 کان کنوں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں، جبکہ کان میں پھنسے دیگر مزدوروں تک رسائی کے لیے ریسکیو آپریشن انتہائی دشوار حالات کے باوجود مسلسل جاری ہے۔

اپنے بیان میں میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ ریسکیو ٹیمیں پھنسے ہوئے مزدوروں تک پہنچنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہیں اور حکومت بلوچستان امدادی کارروائیوں کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو آپریشن میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی اور تمام ممکنہ وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان جاں بحق کان کنوں کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے کان کنوں کے لواحقین کو فی کس پانچ لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو فی کس تین لاکھ روپے معاوضہ ادا کیا جائے گا۔

میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ کان کنی کے شعبے میں حفاظتی انتظامات کا ازسرنو جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ آئندہ ایسے افسوسناک سانحات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حادثے کی ہر پہلو سے شفاف تحقیقات کی جائیں گی اور ذمہ داروں کا تعین قانون کے مطابق کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں