سابق صوبائی وزیر و رکن بلوچستان اسمبلی سردار عبدالرحمن کھتیران نے بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشت گردوں کے ہاتھوں 6 بے گناہ غیر مقامی مزدوروں کے قتل کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم اور محنت کش افراد کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف کھلا جرم ہے، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
یہان جاری ہونے والے ایک بیان میں سردار عبدالرحمن کھتیران نے کہا کہ دشمن عناصر بلوچستان کے امن، خوشحالی اور ترقی کے سفر کو سبوتاڑ کرنے کے لیے ایسی بزدلانہ کارروائیاں کر رہے ہیں، لیکن ان کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ نہتے شہریوں کا خون بہانے والے عناصر کسی قسم کی نرمی کے مستحق نہیں اور ریاست ایسے دہشت گردوں کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دلانے کے لیے پرعزم ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت بلوچستان غم کی اس گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، سوگوار خاندانوں کو صبرِ جمیل دے اور صوبے میں امن و امان کو ہمیشہ قائم رکھے۔









