امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کو صحت کی معیاری،جدید اور سستی سہولیات کی اشد ضرورت ہے۔ صوبے کے دور دراز علاقوں میں صحت کی بنیادی سہولیات نہ ہونے کے باعث لوگوں کو معمولی بیماریوں کے علاج کے لیے بھی کراچی اور دیگر شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہیجس سے غریب عوام کو شدید مالی اور ذہنی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الحمدللہ الخدمت فاؤنڈیشن نے کوئٹہ کے بروری روڈ پر جدید سہولیات سے آراستہ الخدمت ہسپتال قائم کرکے خواتین،بچوں اور عام شہریوں کے لیے بہترین،معیاری اور نسبتاً کم خرچ علاج کی سہولت فراہم کی ہے، جو بلوچستان کے لیے ایک قابلِ قدر خدمت ہے۔انہوں نے بتایا کہ جعفرآباد میں بھی ایک بڑے جدید ہسپتال پر تیزی سے کام جاری ہیجس سے اس خطے کے عوام کو علاج کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بروری روڈ پر قائم الخدمت ہسپتال کے دورے کے موقع پر ڈاکٹرز،پیرا میڈیکل اسٹاف، انتظامیہ اور مریضوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر الخدمت ہسپتال کے چئرمین ڈاکٹر نعمت اللہ نے ہسپتال کی مختلف شعبہ جات، طبی سہولیات، جدید آلات، مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کو ہسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ بھی کروایا، جہاں انہوں نے مریضوں کی عیادت کی، ان کی خیریت دریافت کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کے صدر عبدالمجید سربازی، الخدمت فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی بلوچستان کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور انتظامیہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خدمتِ خلق ایک عظیم عبادت ہے اور الخدمت فاؤنڈیشن اسی جذبے کے ساتھ انسانیت کی خدمت میں مصروفِ عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے تمام اضلاع کا طبی بوجھ کوئٹہ پر آچکا ہے۔ اگر ہر ضلع میں جدید ہسپتال، بنیادی مراکز صحت، بیسک ہیلتھ یونٹس اور ضروری طبی عملہ موجود ہو تو عوام کو بہتر علاج کے لیے طویل سفر نہیں کرنا پڑے گا۔ حکومت بلوچستان کو صحت کے شعبے کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کرتے ہوئے ہسپتالوں کو جدید سہولیات، ادویات، مشینری اور ماہر ڈاکٹرز فراہم کرنے چاہئیں، جبکہ ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے کی حاضری اور کارکردگی کو بھی یقینی بنایا جائے۔
مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن اپنی محدود وسائل کے باوجود بلوچستان بھر میں صحت، تعلیم، صاف پانی، ایمبولینس سروس، یتیم بچوں کی کفالت، قدرتی آفات میں امدادی سرگرمیوں اور دیگر فلاحی منصوبوں کے ذریعے عوام کی خدمت کر رہی ہیں۔ ہمارا مقصد دکھی انسانیت کی مشکلات میں کمی لانا اور انہیں باعزت انداز میں بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے مخیر حضرات، صنعتکاروں اور اہلِ خیر سے اپیل کی کہ وہ الخدمت فاؤنڈیشن کے فلاحی منصوبوں میں بھرپور تعاون کریں تاکہ صوبے کے مزید علاقوں میں جدید ہسپتال،طبی مراکز اور دیگر رفاہی منصوبے قائم کیے جا سکیں۔آخر میں انہوں نے کہا کہ الخدمت ہسپتال کوئٹہ بلوچستان کا ایک بہترین اور قابلِ اعتماد طبی ادارہ بن چکا ہے۔ان شاء اللہ مستقبل قریب میں اس ہسپتال میں مزید جدید شعبے،طبی سہولیات اور خدمات کا اضافہ کیا جائے گا تاکہ عوام کو ایک ہی چھت تلے عالمی معیار کی طبی سہولیات میسر آسکیں









