سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ بالی وڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان نے بھارت میں جاری طلبا احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے ایک بیان جاری کیا ہے، تاہم حقائق کی جانچ سے معلوم ہوا ہے کہ یہ دعویٰ درست نہیں۔
وائرل اسکرین شاٹ میں شاہ رخ خان کے نام سے ہندی زبان میں ایک پیغام دکھایا گیا، جس میں مبینہ طور پر طلبا کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور شفاف امتحانی نظام کی حمایت کی گئی تھی۔ یہ تصویر تیزی سے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پھیل گئی، جس کے بعد متعدد صارفین نے اسے اداکار کا حقیقی بیان سمجھ لیا۔
تاہم فیکٹ چیک کے دوران شاہ رخ خان کے تصدیق شدہ ایکس (سابق ٹوئٹر) اور انسٹاگرام اکاؤنٹس کا جائزہ لیا گیا تو وہاں ایسا کوئی بیان یا پوسٹ موجود نہیں ملی۔ اس سے واضح ہوا کہ وائرل اسکرین شاٹ ان کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے جاری نہیں کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق یہ غلط فہمی غالباً ایک ایسے غیر مصدقہ سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی وجہ سے پیدا ہوئی جو شاہ رخ خان کے نام سے چلایا جا رہا تھا۔ اس اکاؤنٹ پر شیئر کیے گئے مواد کو بعض صارفین نے اداکار کا اصل بیان سمجھ کر آگے پھیلا دیا۔









