امریکی فوج نے مسلسل گیارہویں رات بھی ایران میں متعدد فوجی اہداف کو نشانہ بنایا جبکہ ایرانی شہروں میں دھماکوں کی اطلاعات کے بعد فضائی دفاعی نظام کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ کارروائیاں ایران کی ان فوجی صلاحیتوں کو محدود کرنے کے لیے کی جا رہی ہیں جو آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی تجارتی جہاز رانی کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی فضائی حملے بوشہر کے نواحی علاقوں تک پہنچ گئے ہیں جبکہ کرمانشاہ، بوشہر اور خوزشتان میں بھی امریکی حملوں کی اطلاعات ہیں۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کناک اور سیریک میں بھی متعدد دھماکوں کی گونچ سنائی دی ہے۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ممکنہ خطرے کے پیش نظر تہران میں فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے تاہم فوری طور پر حملوں سے ہونے والے نقصان یا جانی نقصانات کے بارے میں کوئی سرکاری تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔









