پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ عوامی مسائل پرمجرمانہ خاموشی دراصل حکومتی نااہلی کے سوا کچھ نہیں ، عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھ کر مشکلات سے دوچار کیا گیا ہے ، زیر زمین پانی کی سطح انتہائی زیادہ نیچے گرچکی ہے ، پینے کے صاف پانی کی قلت اور عوام کو فراہمی میں متعلقہ محکمے اور حکومت مسلسل غفلت کا مظاہرہ کررہے ہیں ، صوبے اور کوئٹہ شہر میں بدترین بدامنی کے واقعات نے عوام کو سرومال کے تحفظ سے دوچار کررکھا ہے ، پارٹی میں عوام کی شمولیت پارٹی کے درست سیاست پر مہر تصدیق ہے ۔
ان خیالات کا اظہار پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان ، صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، ضلع معاونین اکرم خان خلجی، نعیم اچکزئی اور حاجی مالک خلجی ، حاجی خلیفہ ، حاجی گل محمد خلجی ودیگر مقررین نے پارٹی ضلع کوئٹہ سریاب تحصیل سے مربوط غازی امان اللہ خان علاقائی یونٹ کی حدود میں حاجی گل محمد ؒخلجی کی قیادت میں25افراد کی پارٹی میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر پارٹی کے دیگر ضلعی ،تحصیل سریاب کے عہدیدار وکمیٹی کے اراکین نے بھی موجود تھے ۔ جبکہ صدر تحصیل سرپل علاقائی یونٹ میں عزیز اظہر خان نے اپنے خاندان کے ہمراہ ایک سیاسی جماعت سے مستعفی ہوکر پشتونخوامیپ میںشمولیت کا اعلان کیا ۔ اس موقع پر پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز سردار ادریس خان بڑیچ، صورت خان کاکڑ، تحصیل سیکرٹری نعیم پیر علیزئی ، علاقائی سیکرٹری ڈاکٹر رمضان نے انکی پارٹی میں شمولیت کے فیصلے کو سراہا ۔
مقررین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی میںشمولیت کرنیوالوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پارٹی کو بجاء طور پر امید ہے کہ وہ سریاب تحصیل میں پارٹی کومزید منظم وفعال بنانے میںاپنا سیاسی جمہوری کردار ادا کرینگے اور پارٹی کے تنظیمی اداروں میں اپنی صلاحیتوں کو وقف کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کے عوام جن حالات سے دوچار ہیں یہ انتہائی افسوسناک ہے ، کوئٹہ شہر کی لاکھوں کی گنجان آبادی کو بجلی ، گیس ، پینے کے صاف پانی ، تعلیم، صحت کے بنیادی سہولیات میسر نہیں حتیٰ کہ صفائی کے نام پر مذکورہ صفا پروجیکٹ بھی شہر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے میں ناکام ہوچکی ہے ۔
عوامی خدمت پر مامور اداروں میں جب کرپشن ، کمیشن ، اقرباء پروری کا رواج ہوگا تب ان اداروں کی تباہی اور مفلوج ہونا ناممکن نہیں ۔ آج انہی اداروں کی تباہی ، ناقص انتظامات کے باعث کوئٹہ شہر کے عوام ذہنی اذیت سے دوچار ہوتے جارہے ہیں ۔ مقررین نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے ضروری ہے کہ پارٹی کارکنان اپنے ابتدائی یونٹوں میں عوامی مسائل کو زیر بحث لاکر ان کے حل کے لیے لائحہ عمل طے کریں اور ابتدائی یونٹوں کی فعالیت سے پارٹی کی تنظیمی فعالیت ممکن ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی اپنے محبوب چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی کی قیادت میں خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی اور دیگر اکابرین وشہدا کے ملی ارمانوں کی تکمیل کے لیے جاری جدوجہد میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریگی اور ہم عوام سے بھی یہ اپیل کرتے ہیں کہ وہ غیروں کی سیاست کو ترک کرکے پشتونخوامیپ کے صفوں میں شامل ہوکر اپنی جدوجہد کو مزید منظم اور مضبوط بنائیں









