پارٹی رہنماء یاسمین لہڑی کے والد کے اغواء پر تشویش ہے، نیشنل پارٹی

22

نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے جاری بیان میں پارٹی کی مرکزی خواتین سیکرٹری اور سابق رکنِ بلوچستان اسمبلی یاسمین لہڑی کے والد سماجی و قبائلی رہنما حاجی نور احمد لہڑی کے اغوا پر شدید تشویش اور سخت مذمت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بزرگ شخصیت کو رات کی تاریکی میں اغوا کرنا نہ صرف انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت عمل ہے بلکہ صوبے میں بگڑتی ہوئی امن و امان کی صورتحال کا واضح ثبوت بھی ہے۔

اغوا کے واقعے کے بعد ان کی خیر و عافیت سے متعلق مسلسل بے خبری نہ صرف اہلِ خانہ بلکہ تمام حلقوں کے لیے شدید تشویش اور اضطراب کا سبب بن چکی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ضلع کچھی گزشتہ عرصے سے بدامنی، چوری ڈکیتی اور دیگر جرائم کی لپیٹ میں ہے، مگر اب معزز شہریوں کا اغوا اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ صوبائی حکومت اور متعلقہ انتظامیہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔

ریاست کی بنیادی ذمہ داری شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہے، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ حکومتی غفلت اور انتظامی کمزوری کے باعث عوام خود کو غیر محفوظ تصور کرنے لگے ہیں۔

نیشنل پارٹی اس افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت فوری، مؤثر اور سنجیدہ اقدامات کرتے ہوئے حاجی نور احمد لہڑی کو بحفاظت اور بلا تاخیر بازیاب کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں