سینئر سیاستدان سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے شہداء زیارت کی لاشوں کی بے حرمتی ، لواحقین سے توہین آمیز رویہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات سے نکلنے کیلئے بلوچ ، پشتون اقوام ، صوبے میں آباد برداریاں منظم اور طاقتور آواز بلند کریں۔
اپنے ایک بیان میں نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے مزید کہا کہ شہداء زیارت کی لاشوں کیبے حرمتی جعلی نام نہاد حکومت کی پالیسی ہے کہ بلوچ اور پشتون اقوام کی توہین کرکے ان کو احساس محکومی میں مبتلا کیا جائے۔
ان حالات سے نکلنے کیلئے اس سرزمین کو طاقتور اور منظم آواز بلند کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے کہا کہ لاشوں کی توہین اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ بلوچستان کو نوآبادیاتی اور جعلی حکومت کے تحت چلایا جارہا ہے ایسے میں اس سرزمین کے لوگوں کو جعلی حکومت اور اس کے سرپرستوں کو ایک طاقت وار پیغام دینا ہوگا کہ اس صوبے کے لوگ مزید محکومی اور جبر کو قبول نہیں کریں گے۔









