بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے سریاب میں دھماکہ خیز مواد پھٹنے کے نتیجے میں دو بچے جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ واقعے کے بعد جاں بحق بچوں کی لاشوں اور زخمی بچے کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس حکام کے مطابق دھماکہ سریاب کے علاقے کیچی بیگ کی کلی جدید میاں خان میں پیش آیا، جہاں بچے ایک خالی پلاٹ میں کھیل رہے تھے۔
اسی دوران بچوں کو ایک کھلونا بم نما چیز ملی جس کے ساتھ کھیلنے کے دوران وہ زوردار دھماکے سے پھٹ گئی۔ایس پی سریاب نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں دو بچے موقع پر جاں بحق جبکہ ایک بچہ زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے۔ پولیس نے دھماکے کی نوعیت اور کھلونا بم نما چیز کے بارے میں مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ دھماکہ خیز مواد بچوں تک کیسے پہنچا اور اسے وہاں کس نے رکھا تھا









