کیا آپ کو لگتا ہے کہ کسی فرد نے آپ کو واٹس ایپ پر بلاک کیا ہوا ہے مگر جاننا ممکن نہیں؟
یعنی آپ کسی کو میسج بھیجتے ہیں اور بس سنگل گرے چیک مارک نظر آرہا ہے، پروفائل پکچر غائب ہوچکی ہے۔
ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ اس صارف کی جانب سے لاسٹ سین آپشن کو ٹرن آف کیا ہوگا، مگر یقین سے کچھ کہنا مشکل ہوتا ہے۔
مگر اب آپ آسانی سے جان سکیں گے کہ واٹس ایپ پر آپ کو کسی نے بلاک کیا ہوا ہے یا نہیں۔
Wabetainfo کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ میں موجود ایک سکیورٹی فیچر سے آپ بلاک اسٹیٹس کو جان سکیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ واٹس ایپ کے آٹومیٹک انکرپشن ویریفکیشن کو آپ خاموشی سے بلاک ڈیٹیکشن کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔
عام طور پر اس فیچر کو کسی چیٹ کے اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن سے تحفظ کی تصدیق کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
یہ فیچر کانٹیکٹ انفو اسکرین کے اندر موجود ہوتا ہے اور آپ کسی چیٹ کو اوپن کریں اور اوپر موجود کانٹیکٹ نیم پر کلک کرکے انکرپشن کا انتخاب کریں۔
ایسا کرنے پر واٹس ایپ کی جانب سے خودکار طور پر تصدیق کی جائے گی کہ اس گفتگو کو انکرپشن کا تحفظ حاصل ہے۔
نئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگر سب کچھ معمول پر ہو تو ویریفکیشن کا عمل ہموار انداز سے مکمل ہوتا ہے۔
مگر جب واٹس ایپ کی جانب سے ویریفکیشن کی تصدیق نہ کی جاسکے اور متبادل طریقوں کا مشورہ دیا جائے تو اس سے ممکنہ طور پر بلاک کیے جانے کا عندیہ ملتا ہے۔
زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس عمل کے دوران دیگر فرد کو نوٹیفائی نہیں کیا جاتا۔
تو آپ خاموشی سے کسی کو آگاہ کیے بغیر ایسا کرسکتے ہیں۔
یہ خیال رہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے باضابطہ طور پر تصدیق نہیں کی گئی کہ یہ بلاک ڈیٹیکشن ٹول ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگرچہ اس سے بلاک چیٹ کے بارے میں جانا جاسکتا ہے مگر اسے مکمل ثبوت کی بجائے مضبوط اشارے کے طور پر سمجھنا چاہیے۔








