محرم الحرام کے دوران پی ڈی ایم اے بلوچستان نے ریسکیو انتظامات کو حتمی شکل دے دی، ہائی الرٹ ڈیوٹی پلان جاری

39

صوبائی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی بلوچستان (پی ڈی ایم اے)نے محرم الحرام کے دوران عوامی تحفظ اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ سریاب ریسکیو اسٹیشن کوئٹہ میں ریسکیو سیکشن کا اجلاس منعقد ہوا جس میں محرم الحرام کے دوران آپریشنل تیاریوں اور ریسکیو منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کی ہدایت ریلیف کمشنر و ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے بلوچستان جہانزیب خان غوریزئی اور ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ریسکیو نوید احمد شیخ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں کی گئی۔ صدارت ڈپٹی ڈائریکٹر (ریسکیو/مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن) اصغر علی جمالی نے کی جبکہ انچارج آل ریسکیو اسٹیشنز ڈاکٹر محمد اکرم بگٹی، سرچ اینڈ ریسکیو آفیسر خیر جان، ایمرجنسی رسپانس آفیسر شہنواز شہداد اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اصغر علی جمالی نے محرم الحرام سے قبل مکمل آپریشنل تیاری یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گاڑیوں کا مکمل معائنہ، ریسکیو آلات کی جانچ، عملے کی تعیناتی اور دیگر انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے تمام اقدامات پر مشتمل جامع رپورٹ مرتب کرکے مجاز اتھارٹی کو ارسال کرنے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں 9 اور 10 محرم کے لیے خصوصی ڈیوٹی پلان کی منظوری دی گئی۔

منصوبے کے مطابق ایمرجنسی رسپانس آفیسر شہنواز شہداد سریاب ریسکیو اسٹیشن جبکہ خیر جان اسپنی روڈ ریسکیو اسٹیشن میں تعینات رہیں گے اور اپنے اپنے علاقوں میں فیلڈ کوآرڈینیشن اور ریسکیو سرگرمیوں کی نگرانی کریں گے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ محرم الحرام کے دوران مکمل آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کے لیے ریسکیو افسران اور اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ رہیں گی، تاہم ہنگامی نوعیت کے معاملات میں مجاز اتھارٹی کی پیشگی منظوری سے استثنا دیا جا سکے گا۔اجلاس کے اختتام پر محرم الحرام 2026 کے دوران موثر ہنگامی ردعمل اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور شرکا نے انتظامات کو کامیاب بنانے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں