پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 73ویں یومِ ولادت کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا پے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو جمہوریت، عوامی حقوق اور وفاقِ پاکستان کی مضبوطی کی علامت تھیں۔
انہوں نے اپنی پوری زندگی عوام کی خدمت، جمہوریت کی بحالی، آئین و قانون کی بالادستی اور ملک میں جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے وقف کر رکھی تھی انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو پاکستان کی پہلی خاتون وزیرِاعظم تھیں جنہوں نے اپنی سیاسی بصیرت، جرات مندانہ قیادت اور عوام دوست پالیسیوں کے ذریعے ملکی سیاست میں ایک منفرد مقام حاصل کیا۔
جمہوریت کے لیے ان کی طویل جدوجہد، بے مثال قربانیاں اور عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا نواب ثناء اللہ زہری نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے افکار، نظریات اور سیاسی فلسفہ آج بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور عوام کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
ان کی جدوجہد ملک میں جمہوریت، مساوات، برداشت اور عوامی خوشحالی کے فروغ کا استعارہ ہے انھوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے ملک میں جمہوریت کے استحکام، عوامی حقوق کے تحفظ اور خوشحال پاکستان کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔








