شدید گرمی سے کیسے بچا جائے؟ اہم مشورے اور احتیاطی تدابیر

1

شہر قائد میں درجہ حرارت بڑھنے اور شدید گرمی کے پیش نظر طبی ماہرین نے منفی اثرات اور احتیاطی تدابیر بیان کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاط کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں حالیہ گرمی کی لہر نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ درجہ حرارت اور ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے کی وجہ سے حبس کا سامنا ہے جس کی وجہ شہر بھر کے مکین پریشان ہیں۔

دوپہر کے اوقات میں سڑکوں اوربازاروں سمیت عوامی مقامات پر رش بھی معمول سےکم نظر آرہا ہے۔

ایسی صورت حال میں طبی ماہر نے خدشہ ظاہر کیا کہ شدید گرمی میں ہیٹ اسٹروک، پانی کی کمی اور بلڈ پریشر کے کیسز بڑھنے کا خدشہ ہوتا ہے۔ طبی ماہر کا کہنا ہے کہ جسم کا درجہ حرارت 40 ڈگری سے بڑھ جائے تو دماغ، دل اور گردوں پر منفی اثرات پڑ سکتے ہیں۔

جناح اسپتال شعبہ ایمرجنسی کے سی ایم او ڈاکٹر عرفان صدیقی نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ گرمی سے شہریوں کے معمولات متاثر ہورہے ہیں۔ انہوں نے رائے دی کہ دن 11 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر گھر سے باہر نہ نکلیں، اگر مجبوری ہو تو سر ڈھانپیں اور دھوپ کا چشمہ استعمال کریں۔

انہوں نے کہا کہ پیاس لگنے کا انتظار نہ کریں بلکہ ہر 20 منٹ بعد پانی پئیں۔ دن میں 3-4 لیٹر پانی، جوس یا لسی پینا ضروری ہے، پسینے سے جسم کے نمکیات کی کمی ہوتی ہے اس لیے دن میں 1-2 گلاس او آر ایس یا گھر کا بنا لیموں، چینی، نمک والا شربت پئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں