امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کا ڈی آئی جی مکران رینج عمران قریشی سے ملاقات، ضلع گوادر کی امن و امان کی صورتحال پر گفتگوامیرجماعت اسلامی بلوچستان،قائدحق دو تحریک بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ڈی آئی جی مکران رینج عمران قریشی سے ملاقات کی جس میں ضلع گوادر کی امن و امان کی صورتحال، اسٹریٹ کرائم اور منشیات کے بڑھتے ہوئے مسئلے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ منشیات ہمارے معاشرے کے لیے ایک سنگین خطرہ بن چکی ہے اور نوجوان نسل اس ناسور سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ منشیات فروشوں کے خلاف بلاامتیاز اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ نوجوانوں کو اس تباہ کن لعنت سے محفوظ بنایا جا سکے اور معاشرے میں امن و سکون کو فروغ ملے۔
مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا کہ ضلع گوادر میں اسٹریٹ کرائم اور دیگر جرائم کی روک تھام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید مثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو تحفظ کا احساس مل سکے اور جرائم پیشہ عناصر کی حوصلہ شکنی ہو۔
انہوں نے مزید کہاکہ منشیات سے پاک معاشرے کی تشکیل صرف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ والدین، اساتذہ، سماجی تنظیموں اور معاشرے کے تمام طبقات کو بھی اپنا فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوان نسل کے بہتر اور محفوظ مستقبل کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھی جائے گی۔اس موقع پر ڈی آئی جی مکران رینج عمران قریشی نے ضلع میں امن و امان کے قیام،جرائم کی روک تھام اور منشیات کے خلاف جاری اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور معاشرے کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔









