ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے، جبکہ شہر میں پرائس کنٹرول، تجاوزات کے خاتمے، صفائی ستھرائی اور ترقیاتی منصوبوں پر روزانہ کی بنیاد پر مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے یہ بات نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپا) کوئٹہ کے 46ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء کے ڈپٹی کمشنر آفس کوئٹہ کے مطالعاتی دورے کے موقع پر کہی۔
اس موقع پر نیپا کوئٹہ کے 46ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے شرکائ پر مشتمل ایک وفد نے فیکلٹی ممبران محمد اسلم غنی، خالد لاشاری، سید عثمان اور سید امیر شاہ کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سے ملاقات کی۔
ملاقات میں ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ زاہد خان خلجی، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی مجموعی کارکردگی، عوامی خدمات اور شہری مسائل کے حل کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی، گرانفروشی کے خاتمے، صفائی ستھرائی کے نظام کو مؤثر بنانے اور ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے مسلسل عملی اقدامات کر رہی ہے۔ شرکاء کو پرائس کنٹرول مہم، ناجائز منافع خوری کے خلاف کارروائیوں، شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، ”صفا کوئٹہ” مہم، گرین بس سروس، تجاوزات کے خاتمے، ٹریفک کی روانی اور شہری سہولیات کی بہتری سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلعی انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں پرائس کنٹرول سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ عوام کو اشیائے خوردونوش سرکاری نرخوں پر دستیاب ہوں۔ اسی طرح ”صفا کوئٹہ” مہم کے تحت شہر کی صفائی، کچرے کی بروقت منتقلی اور ماحولیات کی بہتری کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ گرین بس سروس شہریوں کو جدید، معیاری اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
نیپا کے شرکاء نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی، عوامی مسائل کے حل کے لیے کیے گئے اقدامات اور مختلف شعبوں میں جاری اصلاحاتی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے انہیں مثبت پیش رفت قرار دیا۔ وفد نے خصوصاً پرائس کنٹرول، صفائی مہم اور عوامی سہولیات کی بہتری کے اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔اجلاس کے اختتام پر ایم سی ایم سی بیچ 46 کے شرکاء نے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی سے مختلف سوالات کیے، بعد ازاں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی اور ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ زاہد خان خلجی کو عوامی خدمت اور بہترین انتظامی کارکردگی کے اعتراف میں اعزازی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔









