31

ٴجمعیت علما اسلام کا لکپاس آتشزدگی پر اظہارِ افسوس، کسٹم حکام کی غفلت کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ

جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ پریس ریلیز میں لکپاس کسٹم ویئر ہاس میں پیش آنے والے ہولناک آتشزدگی کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس افسوسناک حادثے کے نتیجے میں بڑی تعداد میں گاڑیاں اور قیمتی سامان جل کر خاکستر ہوگیا، جس سے تاجروں کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ سخت سیکیورٹی اور نگرانی کے دعوں کے باوجود اس نوعیت کا بڑا واقعہ رونما ہونا کسٹم حکام کی غفلت، نااہلی اور ناقص انتظامات کی واضح عکاسی کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ بلوچستان کے تاجر پہلے ہی بدترین معاشی بحران کاروباری جمود اور بے یقینی کی صورتحال سے دوچار ہیں ایسے میں اس قسم کے افسوسناک واقعات تاجروں کے معاشی استحصال اور ان کے معاشی قتل کے مترادف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے تاجروں کے جان و مال کے تحفظ میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں جس کے باعث کاروباری طبقے میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ لکپاس کسٹم ویئر ہاس میں آتشزدگی کے واقعے کی فوری، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جائے اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ مزید برآں متاثرہ تاجروں کے نقصانات کا فوری اور منصفانہ معاوضہ ادا کیا جائے تاکہ ان کی مشکلات میں کمی آسکی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں