ہائی بلڈ پریشر یا ہائی بلڈ پریشر (High Blood Pressure) کو ماہرین صحت “خاموش قاتل” قرار دیتے ہیں کیونکہ زیادہ تر افراد اس بیماری کا شکار ہونے کے باوجود اس سے لاعلم رہتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق بلڈ پریشر کی علامات اکثر اس وقت ظاہر ہوتی ہیں جب بیماری شدت اختیار کر چکی ہوتی ہے، جو ہارٹ اٹیک اور فالج جیسے خطرناک امراض کا سبب بن سکتی ہے۔ تاہم صحت مند طرزِ زندگی اور متوازن غذا کے استعمال سے اس مرض سے بچاؤ ممکن ہے۔
دل کی صحت کے لیے مفید غذائیں بلڈ پریشر کو کنٹرول میں رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، خاص طور پر پوٹاشیم اور میگنیشم سے بھرپور خوراک زیادہ فائدہ مند سمجھی جاتی ہے۔
ماہرین نے ان غذاؤں کو خاص طور پر مفید قرار دیا ہے جو بلڈ پریشر کو متوازن رکھنے میں مدد دیتی ہیں، جن میں ترش پھل جیسے لیموں، مالٹا اور گریپ فروٹ شامل ہیں۔ ان پھلوں میں موجود وٹامنز اور اینٹی آکسائیڈنٹس دل کو مضبوط بناتے ہیں۔
اس کے علاوہ مچھلی، سبز پتوں والی سبزیاں، دالیں، بیریز، گریاں اور بیج بھی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے فائدہ مند ہیں کیونکہ ان میں اومیگا 3 فیٹی ایسڈز اور اہم معدنیات پائی جاتی ہیں۔
زیتون کا تیل، دہی، ٹماٹر، چقندر، گاجر اور آلو بھی بلڈ پریشر کو کم رکھنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں جبکہ ڈارک چاکلیٹ اور تربوز بھی محدود مقدار میں فائدہ دے سکتے ہیں۔
ماہرین صحت نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ صرف دوا پر انحصار کرنے کے بجائے اپنی روزمرہ غذا اور طرزِ زندگی میں بہتری لا کر ہائی بلڈ پریشر سے مؤثر طور پر بچا جا سکتا ہے۔









