جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینیئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ، حافظ شبیر احمد مدنی، حاجی رحمت اللہ کاکڑ، سید حاجی عبدالواحد آغا، حافظ مسعود احمد، حاجی محمد قاسم خلجی، حاجی ولی محمد بڑیچ، صفی اللہ مینگل، شاہ زاہد مشوانی اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کی مجلسِ عمومی کا دستوری اجلاس آج جامعہ مطلع العلوم بروری روڈ کوئٹہ میں منعقد ہوگا۔
اجلاس میں شرکت کے لیے ضلعی مجلسِ عمومی کے تمام اراکین کو باقاعدہ دعوت نامے جاری کیے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں ضلع کوئٹہ کو درپیش بنیادی عوامی مسائل حکومتی غفلت و نااہلی بڑھتے ہوئے سماجی مسائل بلدیاتی انتخابات جماعتی امور تنظیمی نظم و ضبط اور آئندہ کے لائح? عمل پر تفصیلی غور و خوض کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر اس وقت بدانتظامی ٹوٹی پھوٹی سڑکوں پانی کی قلت صفائی کی ناقص صورتحال ٹریفک کے مسائل مہنگائی اور دیگر شہری مشکلات کا گڑھ بن چکا ہے مگر حکومت مسلسل غفلت لاپرواہی اور بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔
عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے انہیں مشکلات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ جمعیت علماء اسلام عوامی حقوق کے تحفظ شہری مسائل کے حل اور بہتر بلدیاتی نظام کے قیام کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی انہوں نے کہا کہ شہر کوئٹہ کے بنیادی عوامی مسائل پر مزید خاموشی اختیار نہیں کی جائے گی۔









