چار مرتبہ کا عالمی چیمپئن اٹلی ایک بار پھر فیفا ورلڈ کپ تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق زینیتسا میں کھیلے گئے پلے آف فائنل میں اٹلی کو بوسنیا و ہرزیگووینا نے پنالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے دی۔
اس ناکامی کے ساتھ اٹلی تاریخ کی پہلی سابق چیمپئن ٹیم بن گئی ہے جو مسلسل تین ورلڈکپ ٹورنامنٹس میں شرکت نہ کر سکی۔
میچ کے آغاز میں موسیے کین نے اٹلی کو برتری دلائی، مگر پہلے ہاف کے اختتام سے قبل دفاعی کھلاڑی الیساندرو باستونی کو ریڈ کارڈ دکھا دیا گیا، جس کے بعد ٹیم کو 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا۔
بوسنیا کے متبادل کھلاڑی ہارس تاباکووچ نے 79ویں منٹ میں گول کر کے مقابلہ برابر کر دیا۔
اضافی وقت میں کوئی ٹیم گول نہ کر سکی، جس کے بعد فیصلہ پنالٹیز پر ہوا جہاں اٹلی کے دو کھلاڑی نشانہ چوک گئے جبکہ بوسنیا نے فیصلہ کن پنالٹی اسکور کر کے کامیابی حاصل کی۔
اس شکست نے اٹلی کی حالیہ ناکامیوں میں مزید اضافہ کر دیا ہے، کیونکہ وہ اس سے قبل بھی دو ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکا تھا۔









