سینٹرل ریجن میں شدید دھند کے باعث مختلف موٹرویز اور قومی شاہرات پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو گئی ہے، جس کے پیشِ نظر موٹروے پولیس نے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اہم موٹرویز کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس سنٹرل ریجن سید عمران احمد کے مطابق لاہور ملتان موٹروے ایم تھری دھند کے باعث مکمل طور پر بند کر دی گئی ہے۔
اسی طرح بڑی گاڑیوں کے لیے موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک دھند کے باعث بند ہے۔
موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک اور موٹروے ایم فائی ملتان سے روہڑی تک بھی دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹرویز کی بندش کا مقصد کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچاؤ اور عوام کی جان و مال کا تحفظ ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ دھند میں لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔









