پرائیویٹ حج آپریٹرز نے غیرسرکاری عازمین حج کے لیے خوشخبری سناتے ہوئے سعودی عرب میں مقررہ رقوم ڈیڈلائن سے پہلے جمع کروا دی ہیں، جس سے اس بار کوئی بھی امیدوار حج کی سعادت سے محروم نہیں رہے گا۔
چئیرمین ہوپ ناصرخان کے مطابق سعودیہ میں درکار رقم سو فیصد پرائیویٹ حج آپریٹرز کے سعودی ای والٹ میں موجود ہے۔ پاکستان میں غیرسرکاری عازمین کے لیے منیٰ اور عرفات کے پلاٹس، کدانہ و طوافہ کی بکنگ سعودی ٹائم لائن کے مطابق قبل از وقت اپلوڈ کر دی گئی ہیں۔
پرائیویٹ حج آپریٹرز نے غیرسرکاری عازمین کی رہائش، کھانے پینے اور دیگر تمام سروسز کے لیے سعودی عرب کو مکمل ادائیگی کر دی ہے اور منیٰ میں رہائش کی بکنگ بھی مکمل کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ حکومت نے نجی حج آپریٹرز کو عازمین کی رقوم سعودی عرب منتقل کرنے کے لیے 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن دی تھی۔ گزشتہ سال بروقت رقم منتقل نہ ہونے کی وجہ سے تقریباً 63 ہزار پاکستانی عازمین حج ادا نہیں کر سکے تھے۔









