57

گواسکر نے آئی پی ایل پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنا دیا

بھارت کے سابق لیجنڈری بلے باز سنیل گواسکر نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کی دستیابی سے متعلق پالیسی پر سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

بھارتی روزنامے میں شائع اپنے حالیہ کالم میں انہوں نے واضح کیا کہ آئی پی ایل دنیا کا سب سے بڑا ٹی ٹوئنٹی مقابلہ ہے، اس لیے جو کھلاڑی اسے معمولی سمجھتا ہے، اسے نیلامی کا حصہ بننے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

سنیل گواسکر کے مطابق آئی پی ایل میچز چھوڑنے کا واحد جواز قومی ذمہ داریاں ہو سکتی ہیں، اس کے علاوہ کوئی وجہ ٹورنامنٹ کے وقار میں کمی کے مترادف ہے۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ کچھ غیر ملکی کھلاڑی لیگ کے لیے جزوی دستیابی کا اعلان کرتے ہیں اور مکمل سیزن کھیلنے پر آمادہ نہیں ہوتے، جو ڈسپلن اور پروفیشنلزم کے خلاف ہے۔

اپنے کالم میں سابق اوپنر نے ان کیپڈ بھارتی کھلاڑیوں کے بھاری معاوضوں کے معاملے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ رانجی ٹرافی میں برسوں سے محنت کرنے والے تجربہ کار کھلاڑی خالی اسٹیڈیم میں کھیلتے رہ جاتے ہیں، جبکہ کم تجربہ رکھنے والے نوخیز کرکٹرز آئی پی ایل میں لاکھوں روپے وصول کرتے ہیں۔

گواسکر نے اس بات پر زور دیا کہ لیگ کے معیار اور وقار کے لیے ضروری ہے کہ صرف وہی کھلاڑی نیلامی کا حصہ ہوں جو مکمل سیزن کے لیے اپنی دستیابی یقینی بنائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں