ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے ایم ڈی واسا مجیب الرحمن کاکڑ کے ہمراہ گوالمنڈی چوک میں جاری ترقیاتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے علاقہ مکینوں کو درپیش مسائل اور واسا کے ساتھ پیدا ہونے والی صورتحال کے پیشِ نظر موقع پر پہنچ کر صورتِ حال کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے علاقہ مکینوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور انہیں درپیش مشکلات کے فوری ازالے کی یقین دہانی کرائی۔
انہوں نے جاری ترقیاتی کام کے مختلف حصوں کا معائنہ بھی کیا۔ڈپٹی کمشنر نے علاقہ مکینوں، واسا اور میونسپل کارپوریشن کے افسران کے ہمراہ مشترکہ بیٹھک میں تفصیلی بات چیت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ترقیاتی کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور اس دوران علاقہ مکینوں کے گھروں اور واسا کی زیرِ زمین لائنوں کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچنے دیا جائے۔ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ باہمی مشاورت سے مؤثر پلان تشکیل دیا جائے اور باہمی تعاون سے کام کی تکمیل یقینی بنائی جائے، تاکہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔









