126

بلوچستان حکومت مہذب لیکن مربوط انداز میں صوبے کے حقوق کا دفاع کریگی ،وزیراعلیٰ

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت مہذب لیکن مربوط انداز میں بلوچستان کے حقوق کا دفاع کریگی ، کوئٹہ سے ائیر لائنز کے زائد کرایوں کی وصولی کے معاملے پر وزیر اعظم اور وزیر ہوابازی سے ملاقات کر کے مسئلے کو اٹھائیں گے اگر ائیر لائنز نے کرائے کم نہ کیے تو انکے منیجرز کو 16ایم پی او کے تحت گرفتار کرنے کا اختیار رکھتے ہیں ۔

یہ بات انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے دوران رکن اسمبلی شاہدہ رئوف کی جانب سے کوئٹہ سے ملک کے دیگر حصوں کے لیے جانے والی پروازوں کے زائد کرایوں کی وصولی پر پیش کی جانے والی قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کا عام شہری زائد کرایوں کی وجہ سے پریشانی کا شکار ہے اس معاملے پر وزیراعظم اور وزیر دفاع و ہوابازی کو خطوط لکھے ہیں لیکن ان کا جواب نہیں ملا ۔

انہوں نے کہا کہ اب اس مسئلے کا حل یہی ہے کہ تمام پارلیمانی لیڈروں کے ہمراہ وزیراعظم اور وزیر ہوابازی سے ملاقات کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سے کراچی اور کوئٹہ سے دبئی کا کرایہ ایک برابر ہے جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں کسی قسم کا اضافی کرایہ وصول نہیں کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیر ہوابازی سے ملاقات میں مسئلے کا حل نہیں نکلا تو ہمارے پاس یہ آپشن بھی موجود ہے کہ ان ایئر لائنز کے منیجرز کو 16ایم پی او کے تحت گرفتار کریں کیونکہ ائیر لائنز کے طرز عمل کی وجہ سے صوبے میں عوام کے مشتعل ہو کر ائیر پورٹ جلانے کا خدشہ بھی موجود ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ میں پشتونوں کے ساتھ ذیادتی کے معاملے پر میر صادق عمرانی اور میر علی حسن زہری نے جو یقین دہانی کروائی ہے تو اسے پورا کریں گے ہمارے لوگ بھی ایسے کام کرتے ہیں کہ انہیں تنگ کیا جائے گزشتہ روز بھی ایک خاتون سے ہیروئن برآمد کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں حکومتوں کے مہمانوں کے لئے دعوتوں کا اہتمام کیا جاتا ہے مولانا ہدایت الرحمن سے گزارش ہے کہ وہ اپنی قرارداد واپس لیں ۔جس پر مولانا ہدایت الرحمن نے کہا کہ بلوچستان میں سرکاری فنڈز کا ضیاع ہوتا ہے تاہم انہوں نے اپنی قرارداد واپس لے لی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں