ملک کے مختلف شہروں میں چینی کی سرکاری قیمت پر فراہمی نایاب ہو گئی ہے، جب کہ اوپن مارکیٹ میں چینی 210 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق لاہور میں چینی 190 سے 210 روپے فی کلو میں فروخت کی جا رہی ہے، جب کہ پشاور میں بھی فی کلو نرخ 210 روپے تک پہنچ گئے ہیں۔ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں چینی کی قیمت پرچون میں 185 روپے فی کلو اور ہول سیل مارکیٹ میں 180 روپے فی کلو ریکارڈ کی گئی ہے۔ راولپنڈی میں سرکار کی مقرر کردہ قیمت 179 روپے فی کلو ہے، تاہم دکانوں پر یہ 181 سے 185 روپے فی کلو میں فروخت کی جا رہی ہے۔ سرکاری نرخ پر چینی کی عدم دستیابی کے معاملے پر صدر کریانہ ایسوسی ایشن سلیم پرویز بٹ نے کہا کہ “پرچون میں چینی 185 روپے فی کلو بھی بمشکل فروخت کرتے ہیں، جب کہ پیرا فورس سرکاری قیمت سے زیادہ ریٹ پر جرمانے عائد کر رہی ہے۔” انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے چینی کی سپلائی کو ضرورت کے مطابق یقینی نہ بنایا تو تاجروں کو فروخت بند کرنا پڑے گی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری ریٹ فہرست صرف کاغذوں تک محدود ہو کر رہ گئی ہے، جب کہ مارکیٹ میں چینی کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہیں۔
93









