صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ تعلیم وہ بنیاد ہے جو ایک باشعور، مضبوط اور ترقی یافتہ بلوچستان کی تشکیل کرتی ہے، ہماری ترجیح ہے کہ ہر بچے کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں اور علم کی روشنی بلوچستان کے ہر کونے تک پہنچے۔
اپنے بیان میں صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت بلوچستان میں تعلیم کے فروغ کے لیے جاری اصلاحاتی اقدامات نے صوبے کے تعلیمی نظام میں انقلابی پیش رفت ممکن بنائی ہے ان اصلاحات کے نتیجے میں نہ صرف تعلیمی ڈھانچے میں نمایاں بہتری آئی ہے بلکہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے ہزاروں بچے دوبارہ تعلیمی سفر سے جڑ گئے ہیں۔
وزیر راحیلہ حمید خان درانی نے کہا کہ سالوں سے بند سکولوں کو فعال بنانے، غیر فعال تعلیمی اداروں کی بحالی اور اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے کے لیے ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم کے نفاذ جیسے عملی اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اور جدید تدریسی ماحول پیدا کرنے کے لیے متعدد منصوبے تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔









