ملتان میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے آن لائن جابز اور ٹریننگ کورسز کے نام پر شہریوں سے کروڑوں روپے لوٹنے والے نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا۔
ترجمان کے مطابق یہ کارروائی بوسن روڈ پر قائم ایک نجی اسکول میں کی گئی جہاں سے جعلی ادارے “نیچرل لائف اسکل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ” کے نام پر کام کرنے والا گروہ پکڑا گیا۔
آن لائن جابز اور کورسز کے نام پر دھوکہ دہی
گروہ شہریوں کو سوشل میڈیا، واٹس ایپ اور ٹیلیگرام گروپس کے ذریعے آن لائن جابز، فری لانسنگ اور سکل ٹریننگ کے جھوٹے دعوے کر کے فیس کی مد میں لاکھوں روپے بٹور رہا تھا۔
کارروائی کے دوران مرکزی ملزم عبدالغفار سمیت آٹھ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ دیگر گرفتار ملزمان میں نثار احمد، معاویہ، حذیفہ تنویر، حماد حسن، اسد سلیم، خالد اور زین عباس شامل ہیں۔
برآمدگی: موبائل فونز، ڈیوائسز اور مالی ریکارڈ
چھاپے کے دوران ایجنسی نے ملزمان کے قبضے سے متعدد موبائل فونز، لیپ ٹاپس، ڈیجیٹل ڈیوائسز اور جعلی مالی ریکارڈ برآمد کر لیا۔ مزید تفتیش میں بلیک میلنگ اور جعلسازی کے شواہد بھی واٹس ایپ اور ٹیلیگرام گروپس سے حاصل کیے گئے۔
مقدمہ درج، تفتیش جاری
ایجنسی کے مطابق مقدمہ نمبر 252/2025 کے تحت پیکا ایکٹ 2016 اور تعزیراتِ پاکستان کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
شہریوں کو الرٹ جاری
سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر تصدیق شدہ آن لائن جابز یا کورسز کی پیشکش سے محتاط رہیں، اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر ادارے کو دیں۔









