ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے سی اینڈ ڈبلیو کے افسران کے ہمراہ شہر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا۔اس دوران نواں کلی ایف سی چیک پوسٹ تا عالمو چوک روڈ کی تعمیراتی کام کا معائنہ کیا اور ہدایت دی کہ ٹریفک کے دبا اور مسائل کے پیشِ نظر اس منصوبے کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ائیرپورٹ چورنگی تا ائیرپورٹ روڈ کی تعمیر کے کام اور ائیرپورٹ کے اندر حج پارکنگ منصوبے کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انجینیئرز اور ایس ڈی اوز نے جاری منصوبوں پر بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا، بالخصوص عالمو چوک روڈ کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ان تمام منصوبوں کی خود باقاعدگی سے نگرانی کی جائے گی تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے۔انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے جہاں شہر میں ٹریفک کے نظام میں بہتری آئے گی وہی دوسری جانب عوام کو سہولیات میسر آئے گی اور شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ خاطر خواہ ہوگا اور کوئٹہ شہر جدید اور ترقی یافتہ شہروں میں شمار ہوگی۔انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرتے ہوئے بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کے جلد از جلد خاتمے کے لیے تمام محکمے باہمی تعاون کو فروغ دیں۔









