آمدِ مصطفی ﷺکی مناسبت سے کوئٹہ میں جماعت اہل سنت کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان استقبالِ میلادِ مصطفی ﷺریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہر بھر سے عاشقانِ رسول ﷺنے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ریلی کی قیادت مرکزی اہل سنت کے ناظم اعلیٰ پیر محمد خالد سلطان القادری، علامہ شہزاد عطاری، علامہ مفتی مختار حبیبی اور علی رضا نے مشترکہ طور پر کی ۔
ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں سبز پرچم اور کلمہِ طیبہ کے بینرز اٹھا رکھے تھے، جبکہ فضا “سرکار کی آمدمرحبااور نعت خوانی کی صدائوں سے گونجتی رہی۔اس موقع پر مرکزی قائدین پیر محمد خالد سلطان القادری، علامہ شہزاد عطاری اور علامہ مفتی مختار حبیبی نے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ماہِ ربیع الاول کی اہمیت اور سیرتِ طیبہ ﷺپر روشنی ڈالی۔ علمائے کرام نے زور دیا کہ جشنِ آمدِ رسول ﷺکا حقیقی مقصد آپ ﷺکی تعلیمات، امن، محبت اور اخوت کے پیغام کو عام کرنا ہے۔ ریلی مقررہ راستوں سے ہوتی ہوئی اپنے اختتامی مقام پر پہنچی، جہاں امتِ مسلمہ کی سلامتی، ملک و قوم کی خوشحالی اور بلوچستان میں امن و امان کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔









