وفاقی حکومت کی ہدایت پر ملک بھر میں یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کا آپریشن مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اس حوالے سے یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی جانب سے ملک بھر کے تمام ذونل مینجرز کو مراسلہ ارسال کردیا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر کے اسٹورز پر اشیا کی خریدو فروخت کا عمل جمعرات سے مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے اور ادارے کے تمام اسٹورز سے اشیائے خورونوش اور دیگر سامان ویئر ہاوٴسز کو منتقل کر دیا گیا ہے۔
یوٹیلٹی اسٹورز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے بھی آپریشن بند کرنے کے احکامات کی توثیق کرتے ہوئے ادارے کی تمام سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔
دوسری جانب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز کے تمام ملازمین کو گولڈن شیک ہینڈ دیا جائے گا اور وزارت خزانہ کی کمیٹی اس معاملے پر کام کاررہی ہے تاہم ملازمین کے احتجاج کے باعث معاملہ تاخیر کا شکار ہے۔