56

امریکی تھنک ٹینک کی رپورٹ: 2026 میں عالمی امن شدید خطرے میں، کئی تنازعات جنم لے سکتے ہیں

امریکی تھنک ٹینک کونسل آن فارن ریلیشنز کی تازہ رپورٹ کے مطابق دنیا تیزی سے عدم استحکام اور تشدد کی جانب بڑھ رہی ہے، اور 2026 میں متعدد خطرناک عالمی تنازعات پیدا ہونے کا امکان ہے جو عالمی امن اور امریکی قومی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن سکتے ہیں۔

رپورٹ میں پیشگوئی کی گئی ہے کہ غزہ، یوکرین، پاک-بھارت اور افغانستان سمیت کئی محاذوں پر کشیدگی میں اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ افریقا اور مشرق وسطیٰ میں بحران شدت اختیار کر سکتے ہیں اور انسانی المیے میں اضافہ متوقع ہے۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ عالمی امن کے لیے خطرات دوسری جنگ عظیم کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں۔

کونسل آن فارن ریلیشنز کے ذیلی ادارے سینٹر فار پریوینٹو ایکشن نے ممکنہ تنازعات کو شدت اور اثرات کے لحاظ سے درجہ بندی کی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے کچھ تنازعات کو کم کرنے کی کوشش کی، لیکن سخت پالیسیوں اور دباؤ نے بعض اوقات حالات مزید پیچیدہ بنا دیے۔ ماہرین نے امن سازی اور تنازعات کی روک تھام کے اداروں اور فنڈنگ میں کمی پر بھی تنقید کی ہے۔

رپورٹ میں پاکستان سے جڑے کئی ممکنہ سیکیورٹی خطرات کا ذکر کیا گیا ہے، جنہیں درمیانے درجے کے امکان اور اثرات کے زمرے میں رکھا گیا ہے۔ بھارت اور پاکستان کے درمیان دوبارہ مسلح تصادم کے خدشات مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی عسکریت پسند سرگرمیوں اور سخت سکیورٹی اقدامات کی وجہ سے ہیں۔ افغانستان اور پاکستان کے درمیان سرحد پار شدت پسند حملوں کے دوبارہ شروع ہونے سے لڑائی کے امکانات ہیں۔

امریکا کے لیے خطرات اس لیے زیادہ ہیں کیونکہ اس کے دنیا بھر میں وسیع اتحادی اور سکیورٹی وعدے موجود ہیں۔ رپورٹ میں سب سے سنگین تنازعات میں غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپیں، روس اور یوکرین کی جنگ میں شدت، وینزویلا میں ممکنہ امریکی فوجی کارروائی، اور امریکا کے اندر بڑھتا سیاسی تشدد شامل ہیں۔

اسی طرح ایران اور اسرائیل کے درمیان ممکنہ جنگ، چین کا تائیوان پر دباؤ، روس اور نیٹو کے درمیان ٹکراؤ، اور شمالی کوریا کے جوہری تجربات بھی سنگین خدشات میں شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں