38

شہر میں ٹریفک کے سنگین مسائل درپیش ،خاتمے کیلئے نو پارکنگ زون و دیگر منصوبوں پر تیزی سے اقدامات کررہے ہیں،کمشنر کوئٹہ

کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت تاجر برادری کے مسائل کے حل کے حوالے سے اجلاس منعقد ہو۔ا اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن ریٹائرڈ مہر اللہ بادینی ،اسسٹنٹ کمشنر پولیٹیکل کوئٹہ ڈویژن سید کلیم اللہ، صدر مرکزی انجمن تاجران رحیم کاکڑ، جنرل سیکرٹری یاسین مینگل کے علاوہ دیگر تاجران تنظیم کے عہدے داران بھی موجود تھے اجلاس میں کوئٹہ شہر میں نوپارکنگ زون میں خریداروں اور تاجران کے مشکلات، کاروباری سرگرمیوں میں کمی، عبدالستار روڈ کی بندش، میکانگی روڈ پر کچرہ کنڈی ، سڑکوں پر تعمیراتی ملبے ،کوڑا کرکٹ اور پارکنگ کے حوالے سے مسائل زیر غور لائے گئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تاجران کے تمام مسائل اور مشکلات پر غور و خوض کیا جائے گا اس کے علاوہ شہر میں نو پارکنگ کچرا کنڈی اور ٹریفک کے نظام کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہا کہ شہر میں ٹریفک کے سنگین مسائل درپیش ہیں ان کے خاتمے کے لیے نو پارکنگ زون اور دیگر منصوبوں پر تیزی سے اقدامات کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہر کو ٹریفک، کچرے، نکاسی آب اور دیگر بڑے مسائل کا سامنا ہے۔ نو پارکنگ زون کے حوالے سے فیصلہ صوبائی کابینہ نے کیا ہے اس حوالے سے متبادل نظام کے بغیر کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا لہذا نو پارکنگ زون پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ شہر کے مرکزی کاروباری مراکز میں ٹریفک کے مسائل درپیش ہیں ان کیحل کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں۔

عوام اور تاجروں کے تعاون اور اعتماد سے قابل فہم حل تلاش کریں گے۔شہر میں گاڑیوں کی پارکنگ سب سے بڑا مسئلہ ہے متبادل انتظام کے بغیر نو پارکنگ زون کو ختم نہیں کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر میں دکانداروں کے کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ شہر صاف ستھرا اور خوبصورت نظر آئے۔اس حوالے سے دکانداروں سے معاوضہ بھی لیا جائے گا جبکہ شہر میں پرائیویٹ پارکنگ کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا تاکہ ان میں گنجائش معلوم کر سکے۔

مرکزی کاروباری علاقے میں دکانداروں اور خریداروں کے لیے پارکنگ کے متبادل انتظامات کیے جائیں گے۔ ڈبل روڈ اور میکانگی روڈ پر کچرا کنڈیوں کے حوالے سے بھی صفا کوئٹہ کو ہدایات جاری کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر ہم سب کا ہے اس کی بہتری اور خوبصورتی کے لیے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہوگا شہر میں ٹریفک مسائل کے حل کے لیے تاجر برادری کا کردار اہمیت کا حامل ہے لہذا انہیں انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کرنا ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں