لاہور سمیت پنجاب بھر میں روڈ ٹریفک حادثات میں خطرناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ریسکیو پنجاب کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2025 میں حادثات اور اموات کی شرح گزشتہ برسوں کے مقابلے میں نمایاں طور پر بڑھ گئی ہے۔
سال 2025 پنجاب کی سڑکوں کے لیے ایک خطرناک سال ثابت ہوا، جس میں 4 لاکھ 82 ہزار 870 روڈ ٹریفک حادثات پیش آئے، جن کے نتیجے میں 5 لاکھ 69 ہزار سے زائد افراد زخمی اور 4 ہزار 791 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ یہ تعداد سال 2024 کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثات میں متاثر ہونے والوں میں 80.6 فیصد مرد اور 19.4 فیصد خواتین شامل ہیں۔ سب سے زیادہ حادثات لاہور میں ریکارڈ ہوئے جہاں 88 ہزار 743 واقعات پیش آئے، جبکہ فیصل آباد میں 32 ہزار 309 اور ملتان میں 29 ہزار 804 حادثات ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق 75 فیصد سے زائد حادثات موٹر سائیکلوں کے استعمال کے دوران پیش آئے، جو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور حفاظتی اقدامات نہ کرنے کا واضح ثبوت ہیں۔
ریسکیو ترجمان کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد اور عوامی آگاہی انسانی جانوں کی حفاظت میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔
گزشتہ سالوں کا موازنہ کرنے پر معلوم ہوتا ہے کہ سال 2023 میں 3 ہزار 967، سال 2024 میں 4 ہزار 139، اور 2025 میں اب تک 4 ہزار 791 افراد روڈ حادثات میں جان کی بازی ہار چکے ہیں۔









