27

ہارٹ اٹیک اور فالج سے محفوظ رہنا ہے، تو یہ عادات اپنائیں

آسٹریلیا کی سڈنی یونیورسٹی کی ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ روزانہ صرف 10 سے 15 منٹ تک مسلسل چہل قدمی کرنے سے ہارٹ اٹیک اور فالج کے خطرات میں نمایاں کمی آتی ہے۔

تحقیق میں 40 سے 79 سال کی عمر کے 33 ہزار سے زائد افراد شامل تھے، جو دن بھر میں 8 ہزار سے کم قدم چلنے کے عادی تھے۔ ان افراد کی صحت کا جائزہ 8 سال تک لیا گیا اور دیکھا گیا کہ طویل چہل قدمی سے امراض قلب کا خطرہ دوتہائی حد تک کم ہو گیا۔

محققین نے بتایا کہ یہ فائدہ خاص طور پر ان لوگوں کو ہوتا ہے جو جسمانی طور پر بہت کم متحرک ہیں۔ تحقیق کے مطابق صرف 5 منٹ کی چہل قدمی کرنے والوں کے مقابلے میں، 10 سے 15 منٹ چلنے والے افراد میں دل کی بیماری کا خطرہ بہت کم رہا۔

اسی طرح، برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع تحقیق سے معلوم ہوا کہ ہفتے میں ایک یا دو دن بھی چند ہزار قدم چلنے سے موت اور ہارٹ اٹیک کے خطرے میں کمی آتی ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ روزمرہ کی سادہ عادات میں تبدیلی، جیسے چہل قدمی، دل کی صحت کو بہتر بنانے اور فالج یا ہارٹ اٹیک کے خطرے کو کم کرنے کا سب سے آسان اور مؤثر طریقہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں