پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے پارٹی ضلع کوئٹہ کی ضلعی کمیٹی کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں بنیادی اہمیت تنظیمی ڈھانچے کی ہوتی ہے، اور انقلابی اور نظریاتی پارٹی و تنظیم کے کارکنوں کو اپنے عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل اور مشکلات حل کرنے کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادا کرنا ہوگا۔
اجلاس کی کارروائی ضلعی سینئر معاون سیکریٹری ندا سنگر نے سرانجام دی، جبکہ تلاوتِ کلام پاک کی سعادت پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن حاجی نسیم اللہ خواری کش نے حاصل کی۔ اجلاس میں پارٹی کے مرکزی سینئر سیکریٹری سید عبدالقادر آغا ایڈووکیٹ، پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکریٹریز عبدالرزاق بڑیچ، فیاض خان، پروفیسر اسد ترین، سید احسان آغا، قیاص افغان، عبیداللہ توخی، حمد اللہ بڑیچ، ضلع ایگزیکٹو، علاقائی سیکریٹریز اور سینئر معاون سیکریٹریز نے شرکت کی۔
اجلاس میں گزشتہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کی گئی اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ پارٹی کارکنوں کو ہر حال میں تنظیمی ڈسپلن اور نظم و ضبط کی پابندی کرنی ہوگی، کیونکہ ایک منظم اور نظریاتی اساس پر قائم، اجتماعی قیادت اور اجتماعی شعور پر مبنی سیاسی و انقلابی جماعت ہی اپنے عوام کی ملی نجات کا وسیلہ بن سکتی ہے۔
آج کے ملکی، بین الاقوامی اور پشتونخوا وطن کے سیاسی، معاشی اور معاشرتی حالات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ ہم ایک زیرک اور باشعور کارکن کی حیثیت سے اپنے سیاسی مقاصد کو حاصل کریں، کیونکہ دنیا کی تمام استعماری و استحصالی قوتوں کی خونی نظریں ہماری سرزمین پر ہیں۔ آج ہمارے نایاب اور قیمتی معدنیات کو لوٹنے کے لیے پشتونخوا کو دہشت گردی کے بین الاقوامی اڈے میں تبدیل کیا گیا ہے اور ہمارے وطن کے لاکھوں ایکڑ زمین الاٹ کی گئی ہے۔ ایسے حالات میں پارٹی کارکنوں کو دن رات محنت کرنی ہوگی تاکہ ہم اپنی سرزمین کا دفاع کرسکیں۔









