وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں پائیدار امن، بین المسالک ہم آہنگی اور ترقی کے تسلسل کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کو استحکام اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھنے کے لیے تمام مکاتبِ فکر اور طبقات کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پر عمل جاری رکھا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں نیشنل پیغامِ امن کمیٹی میں شامل جید مذہبی اسکالرز اور علمائے کرام کے اعزاز میں دیے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزرا اور اراکین بلوچستان اسمبلی بھی موجود تھے وزیر اعلی نے کہا کہ علمائے کرام معاشرے میں اعتدال، برداشت اور بھائی چارے کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، اور ان کی مثبت رہنمائی سے نوجوان نسل کو انتہاپسندی اور تفرقہ بازی سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل پیغامِ امن کمیٹی قومی یکجہتی اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک مثر فورم ثابت ہو رہی ہے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ رمضان المبارک ہمیں صبر، تحمل اور ایثار کا درس دیتا ہے، اور انہی اقدار کو اپناتے ہوئے معاشرے میں امن و محبت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزیر اعلی نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت علما کرام کی مشاورت اور تجاویز کو پالیسی سازی میں اہمیت دے گی اس موقع پر ملکی سلامتی، صوبے کے استحکام اور عوام کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔









