پاکستان کے صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سلطان محمد گولڈن نے ریورس ڈرائیو (یعنی پیچھے کی جانب گاڑی چلانا) اور ریورس جمپ کے دو عالمی ریکارڈز توڑنے کی کامیاب کوشش کی ہے۔
سلطان گولڈن نے 121 فٹ کی ریورس جمپ کی ہے جبکہ انھوں نے 57 سیکنڈز میں ایک میل کا فاصلہ ریورس گاڑی چلاتے ہوئے طے کیا۔
عالمی ریکارڈز توڑنے کی اس تقریب میں پاک ویلز سے منسلک سنیل منج بھی بطور گواہ (وٹنس) موجود تھے۔
بی بی سی سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’89 فٹ کی ریورس جمپ کا گنیز ورلڈ ریکارڈ 2014 میں امریکی شخص راب ریرڈک نے قائم کیا تھا، جبکہ سلطان گولڈن نے 121 فٹ کی ریورس جمپ کی ہے۔‘
انھوں نے کہا کہ گنیز ورلڈ ریکارڈ کی انتظامیہ کے ضوابط اور شرائط — جیسا کہ زمین پر لینڈ ہونے کے بعد کار درست حالت میں تھی یا نہیں، گاڑی کون سی تھی اور اس میں کس نوعیت کی موڈیفیکیشنز (تبدیلیاں) کی گئی تھیں وغیرہ — ہوتی ہیں، جن کے اوپر نئے ریکارڈز کو پرکھا جاتا ہے اور کامیابی کا اعلان کیا جاتا ہے۔
دوسرے ریکارڈ کے بارے میں بات کرتے ہوئے سنیل منج نے کہا کہ دوسرا ریکارڈ ریورس گاڑی چلاتے ہوئے ایک میل کا فاصلہ طے کرنے سے متعلق تھا، جس میں سلطان گولڈن نے 57 سیکنڈز میں یہ فاصلہ طے کیا ہے۔
یاد رہے ریورس ڈرائیو کا موجودہ ریکارڈ ایک منٹ 15 سیکنڈز کا ہے۔
سنیل منج کے مطابق ’فی الحال ہم کہہ سکتے ہیں کہ انھوں نے کامیابی کے ساتھ دونوں ریکارڈز توڑنے کی کامیاب کوشش کی ہے، گنیز ورلڈ ریکارڈز میں نام کے اندارج کے لیے ایک باقاعدہ طریقہ کار ہے جس کی بنیاد پر نئے ریکارڈز کو پرکھا جائے گا اور پھر کامیابی یا ناکامی کا اعلان کیا جائے گا۔‘









