جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کے تمام ماتحت یونٹوں اور تحصیلوں کا نمائندہ اجلاس ضلعی سیکرٹریٹ میں ضلعی امیر مولانا عبد الرحمن رفیق کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر سے تحصیلوں و یونٹوں کے امرا اور نظما نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اجلاس میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق تحفظات و شکایات، شہر میں گیس و بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ، بھاری بلوں اور دیگر شہری و عوامی مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اس موقع پر ضلعی جماعت کی مجلسِ عاملہ کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں اور ہدایات پر مشتمل سرکلر شرکا میں تقسیم کیا گیا۔تمام یونٹس اور تحصیلوں کے نمائندوں نے اپنی کارکردگی رپورٹس پیش کرتے ہوئے ضلعی نظم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
اجلاس سے ضلعی امیر مولانا عبدالرحمن رفیق ضلعی ناظم عمومی حاجی عین اللہ شمس سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد نیاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرد موسم کی شدت کے باوجود کارکنان جماعتی سرگرمیوں کو فعال رکھ کر محبت، اخوت اور نظم و ضبط کی فضا کو قائم رکھیں گے اور بالائی قیادت کے فیصلوں پر من و عن عمل کو یقینی بنائیں گے۔
شرکا نے اس بات پر اطمینان ظاہر کیا کہ موجودہ ضلعی قیادت کی رہنمائی میں جماعتی سرگرمیاں بہتر انداز میں آگے بڑھ رہی ہیں۔ اجلاس میں ضلعی مجلسِ عاملہ کے اراکین ضلعی ڈپٹی جنرل سیکرٹری حاجی بشیر احمد کاکڑ، مولوی محمد سلیمان، حافظ شبیراحمد مدنی، سید عبد الواحد آغا حافظ مسعود احمد، حاجی صالح محمد، مفتی روزی خان بادیزئی، عبدالصمد حقیار، حاجی محمد شاہ لالا، صفی اللہ مینگل، شاہ زاہد مشوانی، مولوی علی جان، مولوی نقیب اللہ ملاخیل، میر سرفراز شاہوانی، مفتی رضا خان، مولانا جمال الدین حقانی، عبدالباری شہزاد، مولوی رشید احمد حقانی ،حاجی عطا محمد شمشوزئی جے ٹی آئی ضلع کوئٹہ کے صدر حافظ حبیب الرحمن سمیت تمام تحصیلوں اور یونٹوں کے امرا و نظما نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے حکمتِ عملی طے کی گئی جب کہ تمام یونٹس کو منظم، مربوط اور متحرک رکھنے کے لیے اہم ہدایات جاری کی گئیں۔ اجلاس کے شرکا نے گیس و بجلی کی لوڈشیڈنگ، پریشر میں کمی اور شہری مسائل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری اور موثر اقدامات کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن پلیٹ فارم پر آواز بلند کرتی رہے گی اور شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی









