صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب جان نوشیروانی نے ڈپٹی کمشنر خاران منیر احمد سومرو کے ہمراہ خاران میں مختلف سرکاری دفاتر اور ترقیاتی مراکز کا دورہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے سوشل ویلفیئر آفس خاران کا معائنہ کیا وہاں پر دفتر کے تمام شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے آفس میں عملے کی کمی اور عمارت کی خستہ حالی کا نوٹس لیتے ہوئے فوری مرمت اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کا اعلان کیا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سوشل ویلفیئر افس کی فعالی اور مختلف ہنر سیکھنے کے لئے مرد وخواتین کو راغب کرنا ہے اس کے بعد صوبائی وزیر خزانہ نے کارپٹ سینٹر سمال انڈسٹریز آفس کا دورہ کیا، وہاں پر انہیں خاران میں چھوٹے صنعتی یونٹس، ہنر مند افراد کی تربیت اور مقامی مصنوعات کی فروغ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
وزیر موصوف نے ہنر سیکھنے والے نوجوانوں سے ملاقات کی اور ان کے جذبے کو سراہا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بلوچستان میں ہنرمند افراد اور چھوٹے پیمانے پر صنعتوں کے فروغ سے نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ مقامی معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔ اس موقع پر انہوں نے سمال انڈسٹری آفس کے انفراسٹرکچر کی بہتری اور تربیتی سہولیات میں اضافے کی یقین دہانی کرائی۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے ویمن بزنس سینٹر خاران کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے بازار میں الاٹ کی گئی دکانوں اور عمارت کے دیگر حصوں کا معائنہ کیا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ویمن بازار کے تمام دکانوں کو جلد از جلد فعال کیا جائے تاکہ خواتین کو مقامی سطح پر باعزت روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی معاشی خودمختیاری کے لیے ایسے مراکز انتہائی اہم کردار ادا کرسکتے ہیں وزیر خزانہ نے ویمن ڈیولپمنٹ کی ایک عمارت کی چھت کی ناقص مرمت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ٹھیکیدار کو فوری طور پر چھت کی سی پیچ، سیلنگ کی دوبارہ مرمت کرنے کے احکامات جاری کیے۔