سینئر بھارتی اداکار شکتی کپور نے اپنی بیٹی اور معروف اداکارہ شردھا کپور کے کیریئر سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔
ایک یوٹیوب پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے 73 سالہ شکتی کپور کا کہنا تھا کہ شردھا کپور کو کام نہ ملنے کے دعوے حقیقت کے برعکس ہیں اور اعداد و شمار خود سب کچھ ثابت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شردھا کپور کم فلمیں ضرور کرتی ہیں، مگر بہترین منصوبوں کا انتخاب کرتی ہیں۔ وہ سال میں صرف ایک یا دو فلمیں سائن کرتی ہیں، لیکن معاوضہ دیگر اداکاراؤں کے مقابلے میں سب سے زیادہ لیتی ہیں۔
شکتی کپور نے طنزیہ انداز میں سوال اٹھایا کہ کیا واقعی شردھا کو کام نہیں مل رہا؟ ان کا کہنا تھا کہ شردھا اسکرین پر کم نظر آنے کو ترجیح دیتی ہیں کیونکہ وہ اپنے فیصلے خود کرتی ہیں اور اپنی اندرونی آواز پر یقین رکھتی ہیں۔
ان کے مطابق شردھا کپور اپنے اصولوں پر سختی سے قائم رہتی ہیں، ضدی ضرور ہیں مگر دل کی سنتی ہیں اور کسی دباؤ میں آ کر فیصلے نہیں کرتیں۔
واضح رہے کہ شردھا کپور کو حال ہی میں ہارر کامیڈی فلم ’استری 2‘ میں دیکھا گیا تھا، جو باکس آفس پر بلاک بسٹر ثابت ہوئی۔ اس کے علاوہ انہوں نے اینیمیٹڈ فلم ’زوٹوپیا 2‘ کے ہندی ورژن میں مرکزی کردار جوڈی ہوپس کو اپنی آواز بھی دی ہے۔









