17

سری لنکا اور آسٹریلیا سے سیریز، قومی ٹیم میں منتخب کرکٹرز کو بی بی ایل چھوڑنا پڑے گی

سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے لیے ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں منتخب ہونے والے قومی کرکٹرز کو بگ بیش لیگ (بی بی ایل ) چھوڑنا پڑے گی۔

ذرائع کے مطابق قومی کرکٹرز کو غیر ملکی لیگز کیلئے مشروط این او سی جاری کیے جاتے ہیں جبکہ قومی ڈیوٹی کے لیے کھلاڑیوں کو خود کو دستیاب رکھنا پڑتا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ بی بی ایل کے لیے قومی کرکٹرز کو 14 دسمبر سے 28 جنوری تک این او سی جاری کیے گئے ہیں ، جن کھلاڑیوں کو این او سی جاری ہوئے ہیں ان میں بابر اعظم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، شاداب خان اور حسن علی شامل ہیں۔

دوسری جانب فخر زمان، نسیم شاہ اور حسن نواز کو آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کے لیے 4 جنوری تک این او سی جاری کیا گیا ہے۔

تاہم اسی عرصے کے دوران پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کو 3 میچز کے لیے سری لنکا کا دورہ کرنا ہے، سری لنکا کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میچز 7 ، 9 اور 11 جنوری 2026 کو دمبولا میں کھیلے جانے ہیں ۔ جنوری کے آخری میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے آسٹریلیا نے پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔

یہ سیریز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں رکھی گئی ہے، قومی کرکٹرز ٹیم میں منتخب ہونے کی صورت میں آسٹریلیا سے سری لنکا جائیں گے لہٰذا اس بات کا امکان کم ہے کہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کے مستقل کھلاڑیوں کو سری لنکا سیریز کا استثنیٰ دیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں