بالی ووڈ کے سپر ہٹ فلم ’دیوداس‘ شاہ رخ خان سے قبل ایک سپر اسٹار اداکار کو آفر کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق معروف موسیقار اسماعیل دربار نے انکشاف کیا ہے کہ سنجے لیلا بھنسالی کی ہدایت کاری میں بننے والی 2002 کی دیوداس میں شاہ رخ خان کو کاسٹ کرنے کے متعلق نہیں سوچا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ فلم کے لیے سلمان خان پہلی پسند تھے تاہم سنجے لیلا پھنسالی نے فائنل کاسٹنگ میں شاہ رخ خان کو منتخب کیا گیا۔
اسماعیل دربار کے مطابق سلمان خان کے ساتھ سنجے لیلا بھنسالی کے تعلقات اس لیے خراب ہوئے کیونکہ انہوں نے دیوداس میں شاہ رخ کو کاسٹ کیا حالانکہ سلمان نے ان کا ساتھ تب دیا تھا جب فلم ’خاموشی‘ فلاپ ہوگئی تھی۔
انہوں نے تصدیق کی کہ فلم میں سلمان خان کو نہ لینے کی وجہ ایشوریا رائے تھیں لیکن سلمان کبھی اس بارے میں بات نہیں کرتے، اس وقت ان کے بریک اپ کی خبریں میڈیا کی زینت بنی ہوئی تھیں۔
اسماعیل دربار نے یہ بھی بتایا کہ سلمان سے علیحدگی کے بعد ایشوریا نے کس طرح کے مشکل حالات کا سامنا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ایشوریا کو سب سے زیادہ دکھ یہ تھا کہ انڈسٹری نے سلمان کی وجہ سے انہیں تنہا چھوڑ دیا، اس صورتِ حال سے وہ بہت دکھی تھیں، انہیں لگا کہ اب وہ اس انڈسٹری پر بھروسہ نہیں کر سکتیں، اگر وہ غلط ہوتیں تو سمجھ آتا، لیکن معاملہ یک طرفہ تھا، وہ اس وقت واقعی خود کو دھوکا کھایا ہوا محسوس کرتی تھیں۔









