مستونگ کے قریب سپیزنڈ ریلوے اسٹیشن کے ریلوے ٹریک پر دھماکے سے جعفر ایکسپریس کی 5 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔
ریلوے حکام کے مطابق دھماکے میں 4 مسافر معمولی زخمی ہوئے، تاہم ریلوے کی امدادی ٹیمیں اور ریلوے حکام بھی موقع پر پہنچ گئے۔
جعفر ایکسپریس صبح نو بجے پشاور کے لیے روانہ ہوئی تھی اور دھماکے کے وقت وہاں سے گزر رہی تھی، ریلیف ٹرین مسافروں کو لینے سپیزنڈ ریلوے اسٹیشن روانہ ہوگئی۔
دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر موجود ہے جس کی کلیئرنس کے بعد مسافروں کو ریلیف ٹرین کے ذریعے کوئٹہ اسٹیشن لایا جائے گا۔
وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔