13

جیل روڈ پر تجاوزات کے خلاف میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی کارروائیاں جاری

ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ، زاہد خان کی ہدایات کی روشنی میں جیل روڈ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی گئی، جس کا مقصد شہری نظم و ضبط کی بحالی اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔انسدادِ تجاوزات سیل، زون 1 کے انچارج، علی رضا درانی نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے جیل روڈ پر مختلف مقامات پر قائم غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کیا اور دکانوں کی حدود سے باہر موجود سامان کو موقع پر ضبط کر لیا۔
اس دوران فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر قائم رکاوٹوں کو بھی ختم کیا گیا، جس سے ٹریفک کی روانی میں بہتری آئی اور شہریوں کو پیدل چلنے میں سہولت میسر آئی۔
کارروائی کے دوران دکانداروں اور ہوٹل مالکان کو ہدایت جاری کی گئی کہ وہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور ذمہ دار شہری ہونے کا مظاہرہ کرتے ہوئے تجاوزات سے اجتناب کریں۔

انہیں متنبہ کیا گیا کہ آئندہ خلاف ورزی کی صورت میں بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔مزید برآں، علاقے میں ٹریفک کی روانی میں خلل ڈالنے والے ریڑھی بانوں کو بھی سڑک سے ہٹا کر مقررہ مقامات پر منتقل کیا گیا تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا خاتمہ کیا جا سکے اور شہر کی مجموعی خوبصورتی کو برقرار رکھا جا سکے۔میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ شہری حدود میں تجاوزات کے خاتمے، ٹریفک کی بہتری اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے ایسی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں