33

ٰکوئٹہ ترقیاتی منصوبے، بلوچستان ہائی کورٹ کا زمین کے مسائل فوری حل کرنے اور کام تیز کرنے کا حکم

بلوچستان ہائی کورٹ نے کوئٹہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں سے متعلق پیش رفت رپورٹ متعلقہ حکام سے طلب کرلی ۔کیس کی سماعت بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس محمد کامران خان ملاخیل کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی ۔عدالت کو بتایا گیا کہ وزیراعلی پیکج برائے کوئٹہ کے تحت امداد چوک اور اس سے ملحقہ سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام جاری ہے اور مختلف منصوبوں پر پیش رفت ہو رہی ہے۔

پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق گاہی خان چوک فلائی اوور کا منصوبہ تقریبا 98 فیصد مکمل ہو چکا ہے جبکہ کسٹم فلائی اوور پر تعمیراتی کام چار فیصد تک پہنچ گیا ہے۔عدالت کو یہ بھی بتایا گیا کہ بعض مقامات پر مقامی زمینداروں کے مسائل کے باعث تعمیراتی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔

اس پر عدالت نے ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو ہدایت کی کہ زمین سے متعلق مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں تاکہ منصوبوں میں مزید تاخیر نہ ہو۔

بلوچستان ہائی کورٹ نے سریاب روڈ سروس کوریڈور منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنانے اور آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ جمع کرانے کی بھی ہدایت کی۔سماعت کے دوران بتایا گیا کہ عالمو چوک فلائی اوور منصوبے کو ون وے سے تبدیل کر کے ڈبل وے پل بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس منصوبے کی فزیبلٹی اور ڈیزائننگ کا عمل جاری ہے۔ عدالت نے متعلقہ حکام کو منصوبے کی منظوری اور تکمیل کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت دی۔

عدالت نے ہاکی چوک سے سریاب ریلوے کراسنگ زرغون روڈ تک تعمیر ہونے والی نئی سڑکوں کے اطراف تجارتی سرگرمیوں اور نئی تعمیرات پر پابندی برقرار رکھنے کا حکم بھی دیا اور کمشنر و ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کو عدالتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ گیس لائنوں کی منتقلی سے متعلق مسائل حل کر لیے گئے ہیں جس کے بعد تعمیراتی کام میں حائل رکاوٹیں کم ہو گئی ہیں۔

عدالت نے سماعت کے دوران سرکاری افسران، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل اور درخواست گزار سید نذیر آغا ایڈووکیٹ کی کوششوں کو بھی سراہا۔بلوچستان ہائی کورٹ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کوئٹہ کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 12 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے حکم نامہ ایڈووکیٹ جنرل آفس کو ارسال کرنے کی ہدایت کر دی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں