10

رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے،ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے احکامات پر ماہِ رمضان المبارک کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کوئٹہ نے اقدامات تیز کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی کی زیر صدارت ایک اہم ایوننگ ریویو اجلاس منعقد ہوا، جس میں رمضان انتظامات، پرائس کنٹرول، سستے بازاروں کی کارکردگی اور راشن کی منصفانہ تقسیم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کوئٹہ محمد انور کاکڑ سمیت متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور دیگر افسران نے شرکت کی اور اپنے اپنے علاقوں میں جاری اقدامات سے متعلق کارکردگی رپورٹس پیش کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ سستے بازاروں میں اشیائے خوردونوش کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنائی جائے۔آٹے، چینی، گھی، دالوں، سبزیوں اور دیگر ضروری اشیاء سرکاری نرخوں پر فروخت کی جائیں۔پرائس کنٹرول مجسٹریٹس روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کا دورہ کریں۔ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی مہنگائی میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف جرمانوں، دکانوں کی سیلنگ اور قانونی کارروائی سمیت سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر نظام کو فعال رکھا جائے تاکہ شہریوں کو رمضان کے مقدس مہینے میں زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔

اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ سستے بازاروں اور یوٹیلیٹی پوائنٹس پر معیار اور صفائی کا خاص خیال رکھا جائے اور خواتین، بزرگ شہریوں اور خصوصی افراد کے لیے سہولیات بہتر بنائی جائیں۔ضلعی انتظامیہ کوئٹہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد میں انتظامیہ سے تعاون کریں اور گرانفروشی یا ذخیرہ اندوزی کی شکایات متعلقہ حکام تک پہنچائیں تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں